منگلورو 23 / نومبر (ایس او نیوز) انجمن ترقی اردو دکشن کنڑا و ضلع اڈپی کی جانب سے منگلورو کے ٹاون ہال میں 24 نومبر ، بروز جمعہ شام 6.30 بجے ایک دلچسپ اردو محفل مشاعرہ منعقد ہوگی جس میں ریاست اور بیرون ریاست سے اردو کے مشہور و نامور شعراء شرکت فرمائیں گے ۔
انجمن ترقی اردو دکشن کنڑا و اڈپی ضلع کے صدر جناب مولانا عبدالسلام مدنی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اردو زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ کی کوشش کے تحت منعقد ہونے والے اس مشاعرے کو ایک مشہور این آر آئی تاجر اور دبئی میں سی ایچ ایس گروپ کے فاونڈر ناصر سید کی طرف سے اسپانسر کیا گیا ہے ۔
نامور شاعر عزیز بیلگامی بنگلورو، ڈاکٹر محمد حنیف شباب بھٹکل، مولانا سید سالک ندوی بھٹکل، سراج سولاپوری ممبئی، رحمت اللہ رحمت شیموگہ، اسد کرناٹکی گنگولی اور عبدالسلام مدنی منگلورو اس مشاعرے میں شریک رہیں گے جس کی صدارت ناصر سید سنبھالیں گے ۔
مشاعرہ میں شعر و کلام کی پیشی کے علاوہ مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والوں کے اعتراف و تحسین کے طور پر انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے ۔
انجمن ترقی اردو دکشن کنڑا و اڈپی ضلع کے صدر مولانا مدنی نے ادب نواز حضرات سے اپنے دوست احباب کے ساتھ بڑی تعداد میں شرکت کی درخواست کی ہے ۔